Menu
فچ ریٹنگز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، وزیر خزانہ کا خیر مقدم
- نیوز ڈیسک
- April 15, 2025

اسلام آباد — وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی "فچ ریٹنگز" کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے اسے حکومت کی معاشی اصلاحات اور درست سمت میں اٹھائے گئے اقدامات پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا۔
فچ ریٹنگز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو ٹرپل سی پلس (CCC+) سے بہتر کرتے ہوئے بی مائنس (B-) کر دیا ہے، جب کہ ملک کے معاشی آؤٹ لک کو "مستحکم" قرار دیا گیا ہے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تین سال کے طویل عرصے کے بعد ہونے والی اس بہتری سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست راستے پر گامزن ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ فچ کی جانب سے اس اقدام سے حکومت کے معاشی ایجنڈے کو نہ صرف تقویت ملے گی بلکہ عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مثبت پیش رفت کے نتیجے میں ملک میں مزید سرمایہ کاری آئے گی، تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ وزیر خزانہ کے مطابق آنے والے وقتوں میں ملکی معیشت مزید بہتری اور مضبوطی کی طرف بڑھے گی، اور پاکستان عالمی مالیاتی منظرنامے میں زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد کردار ادا کرے گا۔