Menu
وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی سے آئی ایف سی کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات
- نیوز ڈیسک
- April 15, 2025

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت آئی ایف سی کی گلوبل ڈائریکٹر محترمہ لنڈا روڈو مونینجیٹروا کر رہی تھیں۔ اس اہم ملاقات میں وزارت ریلوے کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان ریلوے کے مختلف شعبوں میں ترقی اور بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آئی ایف سی کے تعاون سے ریلوے کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مال بردار ٹرینوں کی بہتری کے لیے بھی آئی ایف سی سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کیا جا رہا ہے۔ ریل کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ اس حوالے سے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آئی ایف سی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے دوران آئی ایف سی کے وفد نے ریلوے انفراسٹکچر کی بہتری اور دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی۔