Menu
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کی پاکستان بیت المال کے ایم ڈی سے ملاقات، ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
- نیوز ڈیسک
- April 15, 2025

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ سے اہم ملاقات کی، جس میں ادارے کی موجودہ کارکردگی، فلاحی منصوبوں اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مینیجنگ ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں سماجی تحفظ کے شعبے میں مؤثر بہتری آئے گی۔ ایم ڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے ادارے کو مستقل قیادت کی عدم موجودگی کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم اب اصلاحاتی عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان بیت المال میں downsizing اور اخراجات میں کفایت شعاری جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ فنڈز کا زیادہ سے زیادہ حصہ مستحقین تک پہنچایا جا سکے۔ بتایا گیا کہ ادارے کے انتظامی اخراجات کو مجموعی بجٹ کے صرف 15 سے 20 فیصد تک محدود رکھا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کو کوکلیئر ایمپلانٹس پروگرام کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے تحت ملک بھر میں اب تک 1800 سے زائد مستحق افراد کو مفت سماعتی آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔
مینیجنگ ڈائریکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی وزیر کے آئندہ دورے کے دوران انہیں پاکستان بیت المال کی فیلڈ سرگرمیوں، مالی شفافیت اور نئے فلاحی منصوبوں پر مفصل بریفنگ دی جائے گی۔
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے پاکستان بیت المال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ عوامی وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے مستحقین تک براہِ راست مدد پہنچائی جائے۔