Menu
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کسانوں کے لیے شاندار پیکیج کا اعلان
- نیوز ڈیسک
- April 15, 2025

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ اور ان کے نقصان سے بچاؤ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کسانوں سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کل ایک شاندار کسان پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ گندم کی کٹائی کے اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے ایسا کسان پیکیج پیش کیا جا رہا ہے جو نہ صرف پنجاب کی تاریخ کا بہترین، منفرد اور بے مثال ہوگا بلکہ اس سے کسانوں کو ان کی محنت کا مکمل معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم ایسے اقدامات کریں گے کہ آٹے کی قیمت بھی مستحکم رہے اور کسانوں کو بھی نقصان نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ "کسان بھائیوں نے شب و روز محنت کرکے میری اپیل پر لبیک کہا اور ریکارڈ مقدار میں گندم کاشت کی۔"
مریم نواز شریف نے کسانوں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی کاوشوں سے پنجاب گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت نہ صرف کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرے گی بلکہ عام آدمی کی ضروریات کا بھی مکمل خیال رکھا جائے گا۔