قومی

  • قومی
  • Sep 14, 2018

اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت کاحامل ہے, وزیر اطلاعات

اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت کاحامل ہے۔موجودہ حکومت " سی پیک " کو مزید وسعت دے گی ۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے یہ بات اسلام آباد میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کی تربیتی اکیڈیمیز اورپی ٹی وی ہوم کے دورے کے موقع پر کہی ۔
پاکستان ٹیلی وثیرن اور ریڈیو پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اوران کے عہد رفتہ کی بحالی موجودہ حکومت کی اہم ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ اطلاعات و نشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین نے اسلام آباد میں پی ٹی وی اکیڈیمی کا دورہ کیا ۔ وفاقی وزیر نے پی ٹی وی اکیڈیمی کے مختلف حصوں اورتکنیکی سہولتوں کاجائزہ لیا ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ماضی میں سیاسی مداخلت سے پی ٹی وی کو نقصان پہنچایا گیا۔ ہم پی ٹی وی ملازمین کے ساتھ ملکر ادارے کی ساکھ بحال کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری فواد حسین نے اعلان کیا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو کی اکیڈمیز کو ملا کر جدید میڈیا یونیورسٹی بنائی جائے گی جہاں میڈیا میں آنے والے نوجوانوں کو جدید تقاصوں کے مطابق پیشہ وارانہ تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے گی ۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پی ٹی وی ہوم کا بھی دورہ کیا اور اسکے سٹوڈیوز سمیت عمارت کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کے تعاون سے پی ٹی وی کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے اور اس ادارے کو جدید تقاضوں کے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی نجی شعبے کی شراکت داری سے اپنے پروگرام مزید بہتر بنا سکتا ہے ۔ا نھوں نے بتایا کہ پی ٹی وی کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اعلان ہو چکا ہے۔ بعد میں اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے ریڈیو پاکستان کی اکیڈیمی کا بھی دورہ کیا ۔ انھیں بتایا گیا کہ چالیس کینال پر محیط اکیڈیمی میں ریڈیو میں بھرتی ہونے والے نئے ملازمین کی تربیت کی سہولتیں میسر ہیں ۔ وفاقی وزیر نے ریڈیو کا میوزیم بھی دیکھا جہاں قیام پاکستان کے بعد سے استعمال ہونےوالے آلات اور دیگر نادر تصاویر اور کتب رکھی گئیں ہیں ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ریڈیو کی اکیڈیمی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور کہا کہ ہم سب کو اپنے ملک کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے ہونگے ۔