قومی

  • قومی
  • Sep 15, 2019

سستے اور فوری انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی کا بنیادی نظریہ ہے, ڈاکٹر فردوس

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ سول کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک سستے اور فوری انصاف کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کا بنیادی نظریہ اور وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے ۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ دیوانی مقدمات میں ایک نسل مقدمہ درج کرتی اور تیسری نسل تک پہنچ کر اس کا فیصلہ ہوتا تھا۔ضابطہ دیوانی ترمیمی بل کے تحت دیوانی مقدمات کا فیصلہ دو سال تک کرنےکی قانونی شرط لاگو کی جارہی ہے۔سمن کے اجراء وصولی اور عدالتی حاضری سے لے کر شہادتیں ریکارڈکے عمل کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستانی جیلوں میں قید خصوصا خواتین بچے اور دیگر مستحق نادار قیدی جو قانونی امداد کی سہولت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اپنے مقدمات کی پیروی سے قاصر تھے۔قانونی امداد اور انصاف اتھارٹی بل انہیں قانونی مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے کندھوں پر ان بے گناہ اور معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کا بوجھ اٹھا لیا ہے۔اس اتھارٹی کے قیام سے انہیں فوری انصاف کی فراہمی کا خواب حقیقت میں بدل جائے گا۔
خواتین کی جائیداد کے حقوق کے بل کے نفاذکے حوالے سے معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ اسلام میں خواتین کو دستیاب وراثتی حق معاشرتی اور قانونی پیچیدگیوں کی نذر ہو چکا تھا۔ریاست مدینہ کی طرز پر تشکیل دیے جانے والے معاشرے کے لیے پرعزم وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں تشکیل پانے والا یہ قانون خواتین کو جائیداد میں اپنے حصے کے حصول کو یقینی بنانے کا باعث بنے گا۔