ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Aug 21, 2019

پولیو مستقبل کی نسلوں کےلئے بڑا خطرہ ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پولیو ہماری مستقبل کی نسلوں کےلئے بڑا خطرہ ہے جس کاخاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اسلام آباد میں پولیو کی صورتحال پر اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتےہوئے وزیراعظم نے پولیو کے حالیہ کیسز پر شدید تحفظات کا اظہارکیا ۔وزیراعظم نے وفاقی اورصوبائی سطح پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پولیو کے خاتمے کےلئے آگاہی اور قطرے پلانے کی مہم کو موثر بنائیں ۔وزیراعظم نے غربت کے خاتمے کےپروگرام احساس اور پولیو کے خاتمے کے پروگرام پرموثر عمل درآمد کےلئے اشتراک کی ضرورت پر زوردیا ۔
وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر عطا کی ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو سال دوہزار سترہ اٹھارہ کے پولیو کے انٹرنیشنل مانیٹرنگ بورڈ کی رپورٹ سے آگاہ کیا ۔ رپورٹ میں پولیو کے خاتمے کی حکمت عملی میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی جس کی وجہ سے ملک کےمختلف حصوں خاص طوربنوں میں پولیو کے کیس سامنے آئے ۔انہوں نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کےلئے مراکز قائم کردیئے گئے ہیں جو چوبیس گھنٹے کام کرتےہیں ۔انہوں نے پولیو سے متعلق آگاہی کےلئے مہم سے بھی آگاہ کیا ۔
وزیر اعلی خیبر پختونخواہ، وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے متعلقہ صوبوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق بتایا ۔
معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا،انجینئرنگ چیف لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز ،پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر وینڈی گل مور ، بین الاقوامی شراکتی اداروں بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے نمائندے ڈاکٹرٹم پیٹرسن ،عالمی ادارہ صحت کےنمائندے ڈاکٹر پالیتھا گنر ستھنا اور یونیسیف سے ڈاکٹرجان اگبور نےبھی اجلاس میں شرکت کی ۔