وزیراعظم عمران خان کا بہترین مہمان نوازی پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بہترین استقبال اور مہمان نوازی کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکر گزار ہوں ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کا موقف سمجھنے اور امریکی دورے کے دوران پاکستانی وفد کا خیال رکھنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس کے مختلف حصوں کا دورہ کرانے کے لیے وقت نکالا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کے لیے تمام ممکن کاوشیں کرے گا ۔ اقوام عالم کے ضروری ہے چار دہائیوں سے تنازعات کا شکار افغان عوام کو امن دینے کے لیے کوششیں کی جائیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاک بھارت مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیشکش پر بھارتی رویہ حیران کن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال سے کشمیر کا تنازعہ خطے کے لیے تشویش کا باعث ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کی کئی نسلوں نے صعوبتیں برداشت کیں جن کے لیے تنازعے کا حل انتہائی ضروری ہے ۔