قومی

  • قومی
  • Jul 19, 2019

وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی اور معاشی استحکام کے لئے ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے۔ اسلام آباد معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ میں حکومت نے سماجی، معاشی واقتصادی اور انتظامی شعبوں میں جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں ماضی میں انکی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست مدینہ کے ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور اور غریب طبقوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کااحساس پروگرام ، پناہ گاہوں کی تعمیر ، بے گھر افراد کو اپنا ذاتی گھر دلوانے کا منصوبہ او ردیگر فلاحی اقدامات عوام سے کیے گئے وعدے کی جانب عملی پیش رفت ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام الناس کو حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کرنے اور ملک و قوم کے وسیع تر مفادات میں اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کرنے میں وزارت اطلاعات کا کلیدی کردار ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات میڈیا کی معاونت سے عوام الناس تک صحیح معلومات پہنچانے اور منفی پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار مزید موثر طریقے سے ادا کرے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی اداروں میں سزا و جزا کی روایت کو مضبوط کرنا حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے مختلف شعبوں کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ عوام کو معلومات بہم پہنچانے اور حکومتی ریفارمز ایجنڈے کو اجاگر کرنے کے عمل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے حکومتی اصلاحات کے ایجنڈے کو عوام میں اجاگر کرنے کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔