ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • May 25, 2019

وزیراعظم عمران خان کا سرگودھا کا اچانک دورہ

وزیراعظم عمران خان سرکاری اداروں ، ہسپتالوں ، تھانوں ، سکولوں، پناہ گاہوں اور ترقیاتی سکیموں کےاچانک دورے کررہے ہیں ۔وزیراعظم نے بغیر بتائے دوروں کا فیصلہ عوام الناس کا احساس کرتے ہوئے انتظامیہ کی بھرپور اور براہ راست نگرانی یقینی بنانے کےلئے کیاہے ۔
وزیراعظم عمران خان ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا پہنچے جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کادورہ کیا ۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا اور سینیٹرفیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔وزیراعظم نےہسپتال میں داخل مریضوں سے خیریت دریافت کی اور بچوں کے وارڈ میں سہولتوں کا جائزہ لیا ۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال سرگودھامیں مریضوں کے لواحقین اورلوگوں نے وزیراعظم کو مسائل سے آگاہ کیا اور نگرانی کابراہ راست عمل شروع کرنے پر وزیراعظم عمران خان کےحق میں نعرے لگائے ۔
وزیراعظم عمران خان ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے بعد ڈی ایچ کیوخوشاب پہنچے جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا ۔ وزیراعظم نے علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کےلئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔وزیراعظم کو ہسپتال میں دستیاب سہولتوں سے آگاہ کیا گیا ۔
سرگودھا اور خوشاب کے بعد وزیر اعظم عمران خان تلہ گنگ پہنچے جہاں انہوں نے تلہ گنگ سٹی تھانے کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تھانے کے اندراج شکایات رجسٹر کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعظم نے تھانے کے لاک اپ میں قید ملزموں کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام تھانے سے خوف کی بجائے تحفظ محسوس کریں ۔
وزیراعظم عمران خان نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تلہ گنگ کابھی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا ۔
مختلف شہروں کےا چانک دور ے اور سرکاری اداروں کی براہ راست نگرانی عوام کو بنیادی سطح پر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کےوزیراعظم عمران خان کےٹھوس عزم کا اظہارہے ۔