وزیرِاعظم محمد شہباز شریف آج باکو میں مصروف دن گزاریں گے
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف آج آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں مصروف دن گزاریں گے۔وزیرِاعظم کانفرنس آف پارٹیز کے 29ویں کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کریں گے۔ وزیرِ اعظم، پاکستان کی جانب سے منعقدہ کلائمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کریں گے جس میں متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔وزیرِ اعظم ترقی پذیر ممالک بالخصوص پاکستان جن کا زہریلی اور ماحول کو آلودہ کرنے والی گیسوں کے اخراج میں کم ترین حصہ ہے مگر وہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے دوچار ہیں، کے چیلینجز پر روشنی ڈالیں گے۔
وزیرِ اعظم اس کے ساتھ ساتھ تاجک صدر امام علی رحمن کی جانب سے گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے منعقدہ اعلی سطح تقریب "گلیشئیرز 2025: گلیشیئرز کیلئے اقدامات" میں بھی شرکت کریں گے۔وزیرِ اعظم COP-29 میں شرکت کیلئے آئے ڈنمارک اور چیک ریپبلک کے وزراءِ اعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے جہاں نہ صرف باہمی تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوگی بلکہ وزیرِاعظم، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔