کل تحریک انصاف کی ایک اور 9 مئی کی بغاوت ناکام بنا دی گئی،عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاکہ کل تحریک انصاف کی ایک اور 9 مئی کی بغاوت ناکام بنا دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی بہترین سٹریٹجی سے بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی۔ انہوں نے کہاکہ شرپسندوں کے پتھراؤ سے ایک سینئر پولیس اہلکار شہید ہوا اور درجنوں زخمی ہیں۔ یہ دہشتگرد اور فسادی کہتے ہمارا احتجاج پرامن تھا۔ خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل اور سرکاری ملازمین کے ذریعے فیڈریشن پر یلغار کی گئی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ احتجاج میں خیبرپختونخوا کی پولیس کے اہلکاروں اور افغان شہریوں کی شرکت باعث تشویش اور تحقیق طلب ہے۔ پنجاب کے عوام نے تحریک فساد اور اسکے ماسٹر مائنڈ کو اس مرتبہ بھی ریجکٹ کردیا۔ جو انقلاب لانے نکلے تھے اب وہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ جس کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے وہ قوم کے بچوں کو ریاست کے خلاف استعمال کر رہا۔ مجھے افسوس ہے ان والدین پر جو اپنے بچوں کو اس فتنے کی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ جو بہترین معیار زندگی کی سہولیات پنجاب کے لوگوں کو مل رہی وہی سہولیات کے پی کے عوام کا بھی حق ہیں۔ کے پی کے عوام کو اپنے بہتر مستقبل کے لیے ان شرپسندوں کا محاسبہ کرنا چاہیے۔