مقبوضہ وادی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں مزید اضافہ
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کا سلسلہ مزید تیز کر دیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پیراملٹری فورسزنے کشتواڑ، پونچھ اور راجوڑی سمیت مقبوضہ علاقےکے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت پر منظم انداز میں حملے کررہی ہے۔حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی مسلمانوں کو بے اختیار کرنے، ان کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کو مٹانے اور مقبوضہ علاقے میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت ہندوتوا کو فروغ دیتے ہوئے جموں و کشمیر کی اسلامی تہذیب کو مٹانے کے مذموم اقدامات کررہی ہے
ادھر قابض بھارتی حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو سرینگر میں اجتماعی شادی کی ایک تقریب میں شرکت سے روک دیا۔میرواعظ نےگھر میں مسلسل نظر بند ہونے کے باعث تقریب سے آن لائن خطاب کیا۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ سادگی کی اسلامی روایات کو اپنانے کی بھر پور کوشش کریں اور شادی بیاہ کی تقریبات میں فضولیات، بیجا رسم و رواج اور دولت کے اصراف سے گریز کریں۔