بین الاقوامی

  • Sep 07, 2024

غزہ ومقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی مظالم جاری ، 13 فلسطینی شہید

غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کےمظالم جاری ہیں۔ ۔غزہ میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں تیرہ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔۔
شمالی غزہ کے پناہ گزین کیمپ جبالیہ میں ایک اسکول پر بمباری میں 8 فلسطینی شہید جبکہ 15 زخمی ہوگئے ۔۔حلیمہ السعدیہ اسکول میں بے گھر فلسطینی پناہ گزین قیام پذیر تھے ۔۔وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر حملے میں مزید پانچ فلسطینی شہید ہوگئے ۔۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے انسانی حقوق کی امریکی نژاد کارکن ہلاک ہو گئی۔۔امریکی نژاد خاتون ناجائز یہودی بستیوں کے متشدد یہودی آباد کاروں کے خلاف احتجاج میں شامل تھی کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنی
برطانیہ نے اپنا اسلحہ غزہ اور مغربی کنارے میں بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں استعمال ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر اسرائیل کو اسلحے کی برآمدکے مزید لائسنس معطل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلحہ برآمد کرنے کے لائسنسوں کا ہر چھ ماہ بعد جائزہ لیا جاتا ہے اور مزید اسرائیلی جنگی جرائم کے ثبوت سامنے آنے کی صورت میں اسرائیل کوہتھیاروں کی فراہمی کے مزید برطانوی لائسنس منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔
ادھر غزہ کی صورت حال اور جنگ بندی کیلئےعالمی کوششوں پرتبادلہ خیال کیلئے مشرق وسطیٰ کے دورے پر موجود جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے اردن میں اپنے ہم منصب ایمن الصفادی اور فلسطینی وزیراعظم محمدمصطفیٰ سے ملاقات کی۔انہوں نے غزہ میں پائیدار جنگ بندی کیلئے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے غزہ کے لیے جرمنی کی انسانی امداد میں 55 ملین ڈالر کا اضافہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔