قومی

  • Aug 06, 2024

پمز ہسپتال اسلام آباد میں روبوٹک سرجری متعارف کرانے کا فیصلہ

سرکاری ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے اہم اقدامات ۔
کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے پمز ہسپتال میں روبوٹک سرجری متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔ سرجری کے شعبے میں ترقی کی جانب پہلا قدم اٹھاتے ہوئے 1465ملین کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ۔ اس منصوبے میں روبوٹک سرجری کے ساتھ موجودہ سرجیکل سروسز کی اپ گریڈ بھی کیا جائے گا۔ کوآرڈینیٹر برائے صحت نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ میں بہتری اور اصلاحات ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے ۔ سرجنز کو صحت کے شعبے میں جدید تکنیکی سہولیات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سرجنز کو بھی اعلی مہارت کی تربیت دینے کیلیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے ، تاکہ مریض جدید ترین علاج کے آپشنز سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ صحت کے شعبے میں غیر ملکی زرمبادلہ کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرنا بھی وقت کی ضرورت ہے ۔ ترقی یافتہ ممالک میں ملازمتوں کے حصول اور روبوٹک سرجری میں تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت کے مواقع میسر ہوں گے ۔ ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہاکہ عوام کو طبی اور اعلی معیار کی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے ۔