قومی

  • Aug 05, 2024

وزیرداخلہ محسن نقوی سےوزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کی ملاقات

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سےوزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یوم استحصال کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ آزاد کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹیکل 370 اور 35 (A) کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کا بدترین استحصال کیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو اور دفعہ 144 نافذ ہے۔ 5 سال میں کئی ہزار بے گناہ کشمیری شہید ہوچکے ہیں، جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم پرعزم انداز میں یوم استحصال کشمیر منا رہی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل سے جڑا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہاکہ 5 اگست کو دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا۔ مقبوضہ کشمیر میں عالمی تنظیموں سمیت بین الاقوامی میڈیا کا بھی داخلہ ممنوع کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آ چکا ہے کہ بین الاقومی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم کا تدارک کریں۔
ملاقات میں وزیرداخلہ نے آزاد کشمیر میں امن عامہ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر میں امن وامان کے قیام کے لئے پہلے بھی بھرپور معاونت کی ، آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ آزاد کشمیر کی سکیورٹی سے متعلق ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیرنے قیام امن کیلئے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔