کل جماعتی حریت کانفرنس کی جمعہ کو مکمل ہڑتال کی اپیل
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جمعہ کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے جس کا مقصد ایک بھارتی طالب علم کی طرف سے پیغمبر اسلام ۖکے بارے میں توہین آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔
اس ہڑتال کا مقصد غیر قانونی گرفتاریوں، کشمیری طلباء کے خلاف کالے قانون کے تحت مقدمے کے ندراج، کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی اور لوگوں کی جائیدادوں کی ضبطی کے خلاف احتجاج کرنا بھی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ گھروں سے نکلیں اورہڑتال کو کامیاب بنائیں۔گزشتہ روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر کے طلباء نے بھارتی طالب علم کی جانب سے گستاخانہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔بھارتی پولیس نےورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی جیت کا جشن منانے پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے سات طلباء کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی ا ے کے تحت مقدمہ درج کیاہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قابض حکام نے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے، سرکاری ملازمین کو برطرف کیاجارہا ہے اور لوگوں کی جائیدادیں ضبط کی جارہی ہیں ۔۔