بین الاقوامی

  • Nov 29, 2023

غزہ میں جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کا آج آخری دن

غزہ میں جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کا آج آخری دن ہے۔۔جنگ بندی کے چھٹے روز آج مزید 10 اسرائیلی یرغمالیوں اور 30 فلسطینی قیدیوں کی رہائی متوقع ہے۔عارضی جنگ بندی کے پانچویں روز 10 اسرائیلی شہریوں سمیت 12 یرغمالی رہا کئے گئے جبکہ مزید 30 فلسطینی قیدی بھی رہا ہوئے۔آزاد ی پانے والے فلسطینیوں میں 15 خواتین اور 15 مرد شامل تھے۔فلسطینی قیدیوں کا اپنے علاقوں میں واپس پہنچنے پر پر تپاک استقبال کیا گیا۔جنگ بندی کے دوران اب تک 180 فلسطینی قیدی اور 81 یرغمالی رہا ہوچکے ہیں ۔قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی مزید توسیع کیلئے کوششیں جاری ہیں۔۔غزہ کے شہری بھی جنگ بندی میں توسیع کے لئے پر امید ہیں۔اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں ۔سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے بھی غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔غزہ میں سنگین انسانی بحران برقرار ہے۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ حالات بہتر نہ ہوئے تو امراض پھیلنے سے بمباری سے بھی زیادہ اموات کا خدشہ ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے اوچا نے کہا ہے کہ غزہ میں داخل ہونے والی امداد متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے ۔فلسطینی نیوز ایجنسی وفا کے مطابق غزہ میں تباہ عمارتوں کے ملبے سے مزید 160 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔غزہ میں 7 اکتوبر سے عارضی جنگ بندی معاہدے تک صہیونی فورسز کی وحشیانہ بمباری اور حملوں میں 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے۔دوسری جانب جنگ بندی معاہدے کے باوجود مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بربریت جاری ہے۔فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں متعدد پناہ گزین کیمپوں پرغیرقانونی چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ۔