قومی

  • Sep 23, 2023

وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کی میڈیا سے گفتگو نگراں حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے

وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ۔ صحافیوں کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ۔ کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نگراں حکومت قانونی حکومت ہے، جو آئین کی پابند ہے۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق جنوری میں عام انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایک با اختیار آئینی ادارہ ہے، حکومت انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ادارے کی تمام ضروریات پوری کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نگراں حکومت احتساب کے ایجنڈے پر نہیں آئی ہے۔ ہم اپنے حلف کی پاسداری کریں گے ۔

اس سے قبل مرتضیٰ سولنگی نے پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے وفاقی وزیر کو صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست و صحافت میں کراچی پریس کلب تاریخی اہمیت کا حامل اور جمہوریت کا ایک مورچہ ہے۔ہم صحافیوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کو تنخواہ نہ دینے والے اخبارات اور اداروں کو سرکاری اشتہار نہیں ملیں گے۔