ٹاپ سٹوری

  • May 30, 2023

عمرا ن خان نےآئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے انحراف کیا،وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ عمران نیازی کی معیشت کے بارے میں سوجھ بوجھ محدود ہے جس نےآئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے انحراف کیا اورہمیشہ پاکستان کو دیوالیہ ہوتے دیکھنے کی خواہش کی۔اپنے ایک ٹویٹ میں محمد شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان معاشی مشکلات پیدا کرنے میں اپنا کردار بھول رہاہے۔اسے معلوم ہونا چاہیئے کہ 9مئی کے واقعات نےبھی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل احتجاج کی سیاست سے سیاسی عدم استحکام نےمعیشت پر منفی اثرات مرتب کیے اورایسی صورتحال پیدا کی کہ مقامی پاکستانی سرمایہ کار بھی غیر مستحکم ماحول میں سرمایہ لگانے سے ہچکچائیں گے۔ان ا کاکہنا تھا کہ صرف 9 مئی کے خوفناک واقعات نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اور یہ عمران نیازی کے مذموم عزائم کاثبوت ہے۔ اس تفصیل میں ان کرپشن کیسز کا ذکر نہیں جن میں عمران نیازی ملوث ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن سخت وقت گزر چکا ہے۔ اقتصادی بیلٹ کو مضبوط بنانے اور بروقت مثبت پالیسیوں کے ذریعےچیلنجز سے نمٹنے کی مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ہم دوستوں اور شراکت داروں سےملکر مالیاتی مسائل کو حل کرنے کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ ہمارے لیے اصل چیلنج درآمدات میں کمی اور مہنگائی پر قابوپاناہے۔ یہ اس وقت ممکن ہوگا جب ہم برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداوار کو معیشت کا محور بنائیں گے۔انہی بنیادوں پرہماری کوششیں آگے بڑھ رہی ہیں۔