ٹاپ سٹوری

  • Mar 21, 2023

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حکومتی اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حکومت اتحادی میں شامل جماعتوں کااہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں اہم قومی امور اور سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی۔ یہ طے پایا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کیا جائے گا جس میں ریاستی عملداری یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے ہوں گے۔حکومتی اتحاد نےعدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے والے پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر عمران خان کے حکم سے حملوں اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں، کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ جتھوں کے ذریعے ریاستی اداروں کے اہلکاروں پر لشکر کشی انتہائی تشویش ناک ہے۔ریاست دشمنی کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جا سکتا۔ملک دشمنوں کیخلاف تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔اجلاس میں سوشل میڈیا اور بیرون ملک پاکستانی اداروں بالخصوص آرمی چیف کے خلاف مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کےخلاف قانونی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیےمیں کہا گیا کہ یہ آزادی اظہار نہیں، کسی بھی معاشرے میں یہ رویہ قابل قبول نہیں ہوتا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک ملک میں انصاف کے دو معیار قبول نہیں ہیں۔عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ سلوک سے ترازو کے پلڑے برابر نہ ہونے کا تاثرمزید گہرا ہورہا ہے۔اجلاس میں جوڈیشل کمپلیکس پر حملے، پولیس افسروں اور اہلکاروں کو زخمی کرنے، املاک کی توڑ پھوڑ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔حکومتی اتحاد نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اورپی ٹی آئی وکیل خواجہ طارق رحیم کی مبینہ آڈیو لیک کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے مریم نواز کے بارے میں گھٹیا گفتگو کی مذمت کی۔
اجلاس میں ملک کی معاشی وسیاسی، داخلی وخارجی ، امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیاگیا۔ شرکاء کومعیشت ، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی اور عوامی ریلیف کے لئے اقدامات سے آگاہ کیاگیا جس میں رمضان میں غریب خاندانوں کو آٹے کی مفت فراہمی،کم تنخواہ اور آمدن والے لوگوں کے لئے پٹرول کی قیمت میں 50 روپے کی خصوصی رعایت دینے کی سکیم، نوجوانوں کے لئے سی ایس ایس کے خصوصی امتحان کا انعقاد، شمسی توانائی کے فروغ، نوجوانوں کے لئے بلاسود اور رعایتی قرض ، سیلاب متاثرین کی بحالی سمیت دیگر پروگرام شامل ہیں۔ اجلاس نے وزیراعظم شہبازشریف کی معیشت اور آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی اور مشکل حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے اقدامات کو سراہا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔