قومی

  • Mar 18, 2023

پولیس اہلکار عدالتی احکامات کی تعمیل کے لیے زمان پارک گئے، مریم اورنگزیب

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی جیسے حالات اور معاشی تباہی پھیلانے والے شخص کے خلاف کارروائی کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولیس اہلکار عدالتی احکامات کی تعمیل کے لیے زمان پارک گئے ،لیکن عمران خان اور اس کے کارکنوں نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے ریاست پر حملے کروانے میں بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص غنڈہ گردی کرتے ہوئے عدالتوں میں جاتا ہے اور اسے ریلیف مل جاتا ہے۔ یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ایک طاقتور شخص قانون سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ اس شخص نے نوجوانوں سے روزگار چھینا، معیشت کو تباہ کیا اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں بدامنی کو فروغ دیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے معیشت کو بھی بہتر بنائے گی اور ریاست کو بھی بچائے گی۔