بین الاقوامی

  • Mar 15, 2023

بحیرہ اسود پر روسی جنگی طیارہ ٹکرانے سے امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ

بحیرہ اسود پر دوران پرواز امریکی ڈرون روسی جنگی طیارے ٹکرانے سے مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے ۔۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون بین الاقوامی فضائی حدود میں معمول کی پروا ز پر تھا کہ روسی جنگی طیاروں نے اس کو دانستہ روکنے کی کوشش کی جس سے ڈرون بحیرہ اسود میں گرکر تباہ ہوا۔
امریکی فوجی حکام نے روسی طیاروں کے اس عمل کو غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روسی طیارے نے متعدد بار امریکی ڈرون کے قریب سے گزر کر اس پر تیل گرانے کی کوشش بھی کی تھی جو کہ ماحولیاتی اور پیشہ ور اخلاقیات کے منافی عمل تھا۔امریکی فوجی حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کے باوجود امریکا اور اس کے اتحادی علاقے میں اپنا آپریشن جاری رکھیں گے۔
امریکہ نے ڈرون واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے واشنگٹن میں روسی سفیر اناتولی انتونوف کو طلب کرکے سخت احتجاج کیا ۔۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ماسکو میں امریکی سفیر نے روسی وزارت خارجہ کو سخت پیغام پہنچایا ہے۔ امریکی حکام نے اتحادیوں اور شراکت داروں کو واقعے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے-
دوسری طرف روسی وزارت دفاع نے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک امریکی ڈرون بحیرہ اسود میں کریمیا کی فضائی حدود اور روسی سرحدوں کی جانب بڑھ رہا تھا اور اسے روکنے کے لیے دو روسی لڑاکا طیاروں نے اس کو روکنے کی کوشش کی ۔ بیان میں کہا گیا امریکی ڈرون روسی طیارے ٹکرانے سے نہیں بلکہ ہوا میں عدم توازن کے باعث سمندر میں گرکرتباہ ہوا-