قومی

  • Jan 25, 2023

سپریم کورٹ کا پولیس آرڈر2002 پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم

سپریم کورٹ نے صوبوں اور اسلام آباد میں پولیس آرڈر 2002 پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ پولیس افسران کے سیاسی بنیادوں پر تبادلوں سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کہاکہ پولیس کی غیر معیاری تحقیقات کے باعث عدالتوں کو مقدمات کے فیصلوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، فوجداری مقدمات کی تحقیقات کے لئے تجربہ کار اور ماہر افسران مقرر کیے جائیں۔ عدالت نے پولیس کو ملنے والے فنڈز کے حوالے سے تفصیل طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئیں تمام رپورٹس میں فنڈز نہ ملنے کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
سماعت کے آغاز پر عدالت کی ہدایت کے مطابق چاروں صوبوں نے پولیس افسران کے تبادلوں کے حوالے سے رپورٹس جمع کرائیں۔ عدالت نے اسلام آباد پولیس سے افسران کےتبادلوں کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے معاملے کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی-