ٹاپ سٹوری

  • Sep 22, 2022

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ

پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور اہم امور پر قریبی رابطہ رکھنے پراتفاق کیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔ وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کے بانویں قومی دن کی مبارکباد دی۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عوام کے لیے بھی مبارکباد کا پیغام دیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو سیلاب کی تباہ کاریوں اورامدادی کاروائیوں کے بارے میں بھِی آگاہ کیا۔ انہوں نے شاہ سلمان ریلیف سنٹرکی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ائیربرج کےقیام اور عطیات وصول کرنے کے لیے پورٹل کے آغاز پرخادم حرمین شریفین اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان میں سیلاب کے دوران قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے سعودی ولی عہد کو دونوں برادر ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے ذریعے مضبوط اقتصادی شراکت داری سے آگاہ کیا۔