بین الاقوامی

  • Oct 17, 2021

مسجد الحرام کو نمازیوں کے لیے کھول دیاگیا

سعودی حکومت کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو نمازیوں کیلئے مکمل طور پر کھول دیاگیا ہے۔سعودی حکام کے مطابق ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے افراد حرمین شریفین میں داخل ہوسکتے ہیں جبکہ حرمین شریفین میں ماسک اور عمرہ ٹریکنگ ایپ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرے، مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والوں یا جن افراد کا ویکسین سے استثنیٰ کا سٹیٹس ہے کو اجازت نامے جاری کیے جا ئیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسے افراد جنہوں نے عمرے، مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی میں زیارت کے لیے پیشگی اجازت نامہ حاصل کیا تاہم ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لی، انہیں اجازت نامے کی منسوحی سے بچنے کےلیے پرمٹ کی تاریخ سے 48 گھنٹے پہلے ویکسین کی دوسری خوراک لگوانا ہوگی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وبا کی صورتحال میں پیش رفت کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اور اقدامات کیے جاتے ہیں اور یہ مملکت کی پبلک ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے مشروط ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں دیگر پابندیوں پربھی نرمی کی جائے گی۔