قومی

  • Oct 13, 2021

وزیراعظم عمران خان کی قومی موسمیاتی تبدیلی اور قومی وائلڈ لائف پالیسی کی منظوری

وزیر اعظم عمران خان نے قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی اور قومی وائلڈ لائف پالیسی کی منظوری دے دی۔اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مارگلہ پہاڑیوں میں ایک خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کا علاقہ قرار دیا جائے ۔اجلاس میں اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں وائلڈ لائف انفارمیشن سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ۔ وزیر اعظم نےکہاکہ پاکستان نے ٹین بلین سونامی ٹری پروگرام کی وجہ سے “گرین چیمپئن”کی حیثیت سے اپنی ساکھ قائم کی ہے۔دنیا کو ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت نے ٹین بلین سونامی ٹری منصوبے کا آغاز کیااور اب پوری دنیا ہمارے نقش قدم پر چل رہی ہے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قدرتی ماحول کےتحفظ کے لیے مقررہ اہداف کا جائزہ لیاجائے اورفوری اقدامات کےحامل نئے اہداف وضع کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی پارکوں کا تحفظ اہم ہے اور ہمیں تربیت یافتہ افرادی قوت کو شامل اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے مختلف وزارتوں کے مابین کوششوں کو مربوط بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے کے حل کے لیے ایک تھنک ٹینک کے قیام کی بھی ہدایت کی۔