قومی

  • Sep 27, 2021

صدر عارف علوی سے جھنگ چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے وفد نے لیاقت علی ملک کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی

صدر عارف علوی سے جھنگ چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے وفد نے لیاقت علی ملک کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئےصدر مملکت نے کہا کہ ملک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صنعتی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی کاروباری ماحول بہتر بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے اصلاحات کا آغاز کیا گیا ۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتی شعبے کی مدد کے لیے جامع کوششیں کر رہی ہے۔حکومت تاجروں کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے قابل بنانے کیلئے پیداواری لاگت کم کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو اپنے کاروبار کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 100 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ صدر مملکت نے وفد پر زور دیا کہ وہ تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے اور معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں ۔