قومی

  • Sep 27, 2021

دنیا بھر میں سیاحت کا شعبہ زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے: صدرڈاکٹر عارف علوی

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ حکومت ملک کو سیاحوں کی جنت بنانے کیلئے پر عزم ہے۔سیاحت کا شعبہ کاروبار کے فروغ ، عوام کی خوشحالی اور ملکی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ ماضی میں سیاحت جیسے انتہائی اہم شعبے پر توجہ نہیں دی گئی۔موجودہ حکومت نے جامع اقدامات، پالیسی، وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر اشتراک کار، اور نجی شعبہ کی با معنی شراکت داری کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاحت اور قیام و طعام کے شعبہ میں مراعات کے حوالہ سے رواں مالی سال 2021-22کے بجٹ میں کئے گئے اقدامات بھی قابلِ تعریف ہیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ حکومت سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے۔
صدر مملکت نے کہاکہ قدرت نے گلگت بلتستان اور آزادجموں وکشمیرسمیت پاکستان کے چاروں صوبوں کو پرکشش قدرتی مناظر سے نوازا ہے ۔پاکستان سیاحوں کو قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ قدیم تہذیب، متنوع ثقافت، عوام اور لذیز کھانوں سے مستفید ہونے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت کے شعبے کی پائیدار ترقی کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں۔ دنیا بھر میں سیاحت کا شعبہ زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے، صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ کامیاب سیاحتی مقام بننے کی اہلیت والے علاقے معاشی ترقی کے علاوہ دیگر فوائد بھی حاصل کرسکتے ہیں۔