بین الاقوامی

  • Aug 30, 2021

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے طبی سازو سامان لے کر پی آئی اے کا طیارہ مزار شریف پہنچا

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے طبی سازو سامان لے کر پی آئی اے کا کاگو طیارہ آج دبئی سے افغانستان کے شہر مزار شریف پہنچا۔ کابل میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد یہ طبی سامان کی افغانستان میں پہلی فلائٹ ہے جس کے لئے انسانی بنیادوں پر ہوائی رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طبی سامان بھجوانے کا منصوبہ حکومت پاکستان کا تھا جس کے ذریعے پی آئی اے کی تین فلائٹس بھجوائی جائیں گی۔ بیان کے مطابق طیارے میں 12.5 ٹن سامان تھا جس میں ٹراما کٹس اور ہنگامی طبی کٹس بھی شامل تھیں جو 2 لاکھ لوگوں کی طبی سہولیات کے لیے کافی ہیں۔ اس سامان سے 3500 جراحی عمل ہو سکیں گے اور صدمے کے 6500 مریضوں کا علاج ہو سکے گا۔ یہ سامان فوری طور پر افغانستان کے 29 اضلاع کے 40 صحت کے مراکز کو بھیجا جائے گا۔ ڈبلیو ایچ او کے علاقائی سربراہ ڈاکٹر احمد المندھاری نے سامان پہنچانے کے لیے حکومت پاکستان ، پی آئی اے اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بر وقت اقدام افغانستان میں انسانی جانیں بچانے میں معاون ثابت ہو گا-