قومی

  • Jul 21, 2021

صدر ڈاکٹر عارف علوی کا "دار الاحساس" اسلام آباد کا دورہ

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحٰی کے موقع پر "دار الاحساس" اسلام آباد کا دورہ کیا۔صدر مملکت یتیم بچوں سے ملےاورعید کی مبارکباد دی۔صدر مملکت کے ہمراہ انکی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی بھی موجود تھیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بچوں سے بے پناہ شفقت فرماتے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےعید کے موقع پر یتیم بچوں کا خاص خیال رکھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں بھی یتیم بچوں اور نادار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ غریبوں اور معاشرے کے کمزور افراد کے احساس پر مبنی معاشرے کے قیام سے ہی ریاست مدینہ کے خواب کی تعبیر ممکن ہے۔
صدرمملکت نے کہاکہ بچے جتنی محنت کریں گے، اتنا آگے بڑھیں گے اور ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے بچوں کو نصیحت کی کہ ایک دُوسرے کا خیال رکھیں، سچ بولیں ،محنت کریں اور تعلیم حاصل کریں۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے بچوں کی تعلیم اور صحت ازحد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما اور اُنہیں غذائی قلت سے بچانے کیلئے تعلیم اور خوراک کی فراہمی ضروری ہے۔صدر مملکت کو دار الاحساس میں کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ صدرڈاکٹر عارف علوی نے دار الاحساس میں بچوں کو دی جانے والی توجہ کو لائق تحسین قرار دیا۔