بین الاقوامی

  • Jul 21, 2021

عراق کے دارالحکومت بغداد میں بم دھماکہ

عراق کے دارالحکومت بغداد میں بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہو گئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکہ ایک مصروف بازار میں ہوا جس کے بعدکئی دکانیں مکمل جل گئیں۔بازار میں دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد عیدالاضحیٰ کے حوالے سے خریداری کیلئے موجود تھی۔عراق کی وزارت داخلہ نے اس واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ دھماکاخیز ڈیوائس سے کیا گیا۔ابھی تک کسی گروہ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
پاکستان نے بغداد کے قریب صدر سٹی میں ہوئے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر صدرسٹی میں پرہجوم مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جسکے نتیجے میں 36 قیمتی جانوں کا ضیا ع جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے