تمام بھارتی ریاستوں میں مختلف اقسام کے وائرس کی تصدیق : ایک ہفتے کے دوران 2لاکھ 93ہزار کیس رپورٹ
بھارت میں کورونا کیسزمیں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ملک بھر کی تمام ریاستوں میں کوروناکی مختلف اقسام سامنے آنے کےبعد بھی انتظامیہ متحرک نہیں ہوئی۔ سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن اور بیڈز کی کمی تاحال پوری نہیں کی جاسکی۔ بھارت میں گزشتہ ہفتےکے دوران دولاکھ ترانوے ہزارپانچ سو ستر کیس سامنے آئے۔ جبکہ چھ ہزار ایک سو پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیالیس ہزار600سے زائدکیس رپورٹ ہوئے۔مزیدبارہ سو چھ افرادکی ہلاکت کےبعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعدادچار لاکھ سات ہزاردو سو ہوگئی ہے۔
دنیابھرمیں ڈیلٹا سمیت کوروناوائرس کی مختلف اقسام تیزی سے پھیل رہی ہیں۔عالمی سطح پرگزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چار لاکھ بانوے ہزارچارسو چالیس کیس رپورٹ ہوئےجبکہ آٹھ ہزارچارسو پینسٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ پچھلے سات روز کے دوران مثبت کیسزکی شرح میں گیارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ سب سے زیادہ اضافہ نیدرلینڈزمیں دیکھا گیا جہاں سات روزمیں مثبت کیسزکی شرح میں تین سو چھیاسی فیصد اضافہ ہوا۔لیبیامیں دوسوپندرہ فیصد،یونان میں ایک سو تریسٹھ،ویت نام میں ایک سو اکسٹھ،سپین میں 101، انڈونیشیا45، بنگلہ دیش اڑتیس، ایران چھتیس ، برطانیہ اکتیس اور امریکا میں سات روزکے دوران 25فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق عالمی سطح پرہلاکتوں کی مجموعی تعداد چالیس لاکھ انتالیس ہزارسے تجاوز کرگئی ہے۔ وباء سےاٹھارہ کروڑ ستر لاکھ سے زیادہ افراد متاثرہوچکے ہیں۔دنیامیں مثبت کیسز کی تعدادکےلحاظ سے امریکا بدستورپہلے، بھارت دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
کورونا کی تیزی سے پھیلنے والی قسم ڈیلٹا کے باعث دنیا کے مختلف ممالک نئی پابندیاں عائد کرر ہے ہیں۔افغانستان میں کورونا کی نئی لہر کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نےافغان شہریوں کی ملک میں داخلےپر پابندی عائد کر دی ہے۔
کوروناکی نئی لہر کے پیش نظربرطانوی پولیس نےخبردارکیاہے کہ کل ہونے والے یوروکپ فائنل کےلئے شائقین بڑی تعداد میں اکٹھے نہ ہوں۔میٹرولولیٹن پولیس کے مطابق وہ کوویڈ والےایک ماہ پہلے کے قانون نافذ کریں گے۔خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یورپی یونین کمیشن کے صدر کا کہنا ہےکہ موذی وائرس کی روک تھام کےلئے ویکسی نیشن کا عمل مزیدتیزکردیاگیاہے۔کل تک یورپ بھرمیں ویکسین کی پچاس کروڑ 500خوراکیں تقسیم کردی جائیں گی۔