قومی

  • Jul 11, 2021

صدر ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اجلاس - بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کے حل کیلئےکراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال

صدرڈاکٹر عارف علوی کی صدارت میں کراچی میں اجلاس ہوا جس میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کے حل کیلئےکراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ گورنر سندھ نے پینے کے صاف پانی ، نکاسی آب ، کچرے کے انتظام ، نقل و حمل سے متعلق مسائل اور وفاقی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔اہلِ کراچی کی حالت زار کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شہر قائدکے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں پانی کی بچت اور محتاط استعمال کی ضرورت ہے۔افسوس ہے کہ ماضی میں پانی کی بچت کے لئے کوئی منصوبہ نہیں دیا گیا۔
اجلاس میں کورونا صورتحال اور بڑھتے ہوئے کیسز پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ مُلک میں کورونا کی چوتھی لہر کی واضح علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور وائرس کی بھارتی قسم کی وجہ سے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عوام وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے این سی او سی کی ہدایات پر عمل کریں اور ویکسین لگائیں۔انہوں نے کہا کہ موثر فیصلہ سازی سے پاکستان دوسرے ملکوں کے برعکس سنگین صورتحال سے محفوظ رہا۔