قومی

  • Jun 26, 2021

مودی کی کشمیری رہنماؤں کیساتھ گزشتہ روز کی ملاقات محض ایک ڈرامہ تھا : وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی کشمیری رہنماؤں سے گزشتہ روز کی ملاقات محض ایک ڈرامہ تھا جس سے کچھ حاصل نہیں ہوا ۔

انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کو ملاقات میں نہیں بلایا گیا ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ حریت قیادت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کررہی ہے اور انہوں نے ملاقات میں ابھی اپنے موقف کا اعادہ کیا ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کشمیری رہنماؤں نے پانچ اگست 2019 کے بھارت کے غیرقانونی اقدامات واپس لینے اور ریاست کی مکمل بحالی کا متفقہ مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ دو سال قبل نریندر مودی کے کشمیر کے بارے میں غیرقانونی اقدامات سے ملک اور بیرون ملک ان کے تاثر کو شدید نقصان پہنچا اور وہ اس ملاقات کے ذریعے اس نقصان کی تلافی کرناچاہتے تھے ۔وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے مطالبات کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو بتایاگیا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے فیصلہ مناسب وقت پر کیاجائے گا جو ایک مبہم بیان ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری رہنماؤں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی ، ماورائے عدالت قتل اور غیرآئینی یکطرفہ اقدامات کی منسوخی کا بھی مطالبہ کیا ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یہ مطالبات ان کشمیری رہنماؤں کی جانب سے کئے جارہے ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ بھارتی حکومتوں کا حصہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملاقات کے بعد کشمیری قیادت کی گفتگو سے واضح ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پانچ اگست 2019 کے اقدام سے کشمیر میں خوشحالی لانے کا دعوی مکمل طورپر بے بنیاد ہے ۔