قومی

  • Jun 11, 2021

وزیرمملکت فرخ حبیب کا بلاول کے بیان پرردعمل بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے اور 150 ارب کے براہ راست ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے تمام تر مطالبات کے باوجود وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے اور 150 ارب کے براہ راست ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں، موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے الیکشن ترمیمی بل منظور کرلیا ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اس سال کے پہلے 11 ماہ میں ریکارڈ 26.7 بلین ڈالرز ترسیلات زر پاکستان بجھوائے۔فرخ حبیب نے کہا کہ قومی اسمبلی سے الیکشن ترمیم بل منظور ہوگیا ہے، بیرون ملک پاکستانی ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دس ماہ سے سرپلس ہے جبکہ ایف بی آر نے پہلے 11 ماہ میں4 ہزار170 ارب روپے ٹیکس وصولی کی ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ آ چکے ہیں،حکومت کی پالیسیوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیمز بنارہے ہیں، ہمیں سستی بجلی کی ضرورت ہے، چھوٹے قرض فراہم کیے جارہے ہیں، پاکستان میں ترقی کے سنہرے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔