ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • May 17, 2021

قومی اسمبلی کا نہتے فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی : اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت،فلسطینیوں کا قتل عام روکنے کی قرارداد متفقہ منظور

قومی اسمبلی نے نہتے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ سپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد کی متفقہ منظوری دی گئی۔ وزیرخارجہ شاہد محمود قریشی کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ فلسطینیوں کا قتل عام روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا دو ٹوک اور واضح موقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرجمعہ اکیس مئی کوملک بھر میں نہتے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جنگ بندی کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس امریکہ کی جانب سے ویٹو پاور استعمال کرنے پر نتیجہ خیز نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان ملکوں نے جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کےلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاکہ بدقسمتی سے اسرائیلی کو عالمی طاقتوں کی اشیرباد حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل اور بھارت کے ظلم و بربریت میں بہت مماثلت ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے عالم اسلام کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کے خالدمحمود صدیقی نے کہاکہ پاکستانی قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

جے یو آئی ف کے مولانا عبدالشکور نے کہاکہ عالمی برادری کا ضمیر مردہ ہے اس لئے معصوم بچوں اور خواتین کے قتل عام پر خاموش ہے۔

ارکان نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی کوششوں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اپنی مجرمانہ خاموشی توڑے اور اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف آواز اٹھائے۔