بین الاقوامی

  • May 09, 2021

بھارت میں کورونا وائرس کی شدت میں دن بدن اضافہ : چار لاکھ سے زائد مریض رپورٹ، تعداد 2 کروڑ 22 لاکھ سے تجاوز

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 187 ہلاک ہوگئے جس کےبعد اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ بھارتی وزارت صحت کے حکام کے مطابق4 لاکھ 9ہزار تین سو نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے متاثرہ افراد کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کےبعد مجموعی تعداد 2 کروڑ 22 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گنجان آباد شہروں میں پھوٹنے والی وبا اب بھارت کے دور دراز کے علاقوں میں بھی پھیل گئی ہے اور اب تک ایک ہفتے کے دوران 15لاکھ 70 ہزار سے زائد کیسز کا اضافہ ہو چکا ہےجبکہ اموات کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
برطانوی جریدے کے مطابق مودی کی توجہ وبا کو کنٹرول کرنے کی بجائے ٹویٹر پر خود کو تنقید سے بچانے پر ہے۔ برطانوی جریدے نے اپنے جرنل میں لکھا کہ ایسے مشکل وقت میں مودی کی خود پر تنقید اور بحث دبانے کی کوشش معافی کے لائق نہیں ہے۔ آرٹیکل کے مطابق بھارت میں یکم اگست تک ہلاکتوں کی تعداد دس لاکھ تک جا سکتی ہے۔
بنگلور کورونا کیسز میں تمام شہروں سے آگے نکل گیا جہاں مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کیسز کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے جس کی وجہ آکسیجن کی کمی، ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہے۔ تامل ناڈو ریاست میں لاک ڈاون کے باوجود 26 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔