بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • May 02, 2021

کورونا،بھارت میں یومیہ 4لاکھ کیس، 3700 سے زا ئد ہلاکتیں

بھارت میں کورونا سے ہر طرف قیامت کے مناظرہیں۔ یومیہ نئے کیسز کی تعداد چار لاکھ سےتجاوزکر گئی جبکہ مسلسل تیسرے روز ساڑھے تین ہزارسے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔صورت حال کی سنگینی کے باعث برطانیہ اور آسٹریلیا کے بعد امریکہ نے بھی بھارت پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ریکارڈ چار لاکھ دو ہزار سے زائد مریض سامنے آگئے جبکہ تین ہزار سات سو سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔ایک دن کے دوران 4 لاکھ سے زائد نئے کیس سامنے آنےکے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 95 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ دہلی میں کورونا سے بڑھتی ہلاکتوں کے باعث شہر کے مردہ خانےاور شمشان گھاٹ بھر چکے ۔
بھارتی ریاست گجرات کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے کورونا کے 16 مریضوں سمیت دو نرسیں جاں بحق ہو گئیں۔چار منزلہ ہسپتال میں جب آگ لگی تو اس وقت وہاں 50 مریض موجود تھے۔
امریکہ نے بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر سفری پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر بھارت پر سفری پابندیاں لگا رہے ہیں جس کا نفاذ منگل چار مئی سے ہو گا۔اس سے قبل برطانیہ اور آسٹریلیا بھی بھارت کو سفری پابندیوں کے حوالے سے ریڈ لسٹ میں شامل کر چکا ہے۔
آسٹریلوی حکومت نے کہا ہے کہ بھارت پر سفری پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں آسٹریلوی شہریوں کو بھارت سے وطن واپسی پر پانچ سال قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
چین نے کورونا وائرس کے بحران میں مبتلا بھارت کو مدد کی پیشکش کردی ہے۔بھارت میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں وزیراعظم نریندرا مودی اور بھارتی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا سےہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔۔۔۔کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 32لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 15 کروڑ 27 لاکھ92 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
امریکہ میں 5 لاکھ 90 ہزار، برازیل میں چار لاکھ چارہزار،میکسیکو میں دو لاکھ سترہ ہزار،بھارت میں دو لاکھ پندرہ ہزار، برطانیہ میں ایک لاکھ ستائیس ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ اکیس ہزار جبکہ روس میں ایک لاکھ دس ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔