قومی

  • قومی
  • Apr 23, 2021

مزید ٹیکس لگانے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حل تجویز کیئے جائیں،وزیراعظم

وزیرِ اعظم عمران خان نے اکنامک ایڈوائزی کونسل پر زور دیا ہےکہ مزید ٹیکس لگانے کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آؤٹ آف باکس سلوشنز تجویز کیے جائیں اورمعاشی استحکام و پائیدارترقی کے لئے روڈ میپ پیش کیا جائے۔ اکنامک ایڈوائزی کونسل کا اجلاس وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں ہوا ۔وزیرِ اعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔
وزیرِ اعظم نے اکنامک ایڈوائزری کونسل میں ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ملکی معیشت کے حوالے سے اہم معاملات پر تجاویز کے لئے کونسل کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نےکہا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت کاروباری فضا بہتر ہوئی اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ تمام پالیسیاںمشاورت سے تشکیل دی جائیں اور ان پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے اکنامک ایڈوائزری کونسل کو ہدایت کی کہ پائیدار معاشی استحکام اور ترقی کے حوالے سے قلیل، وسط اورطویل مدت اقدامات پر مبنی روڈ میپ تجویز کیا جائے تاکہ توانائی، تعمیرات، زراعت، سیاحت، سماجی تحفظ، سبسڈیز ، قیمتوں میں استحکام، چھوٹی اور درمیانی صنعت کے فروغ، بیرون ملک سے ترسیلات زر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ جیسےمعیشت کے اہم شعبوں کو مزید منظم کیا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ایف بی آر میں جاری اصلاحات کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات، نظام کو آسان اور فعال بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔