بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Apr 21, 2021

امریکہ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ قتل کیس

امریکہ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ قتل کیس میں سفید فام سابق پولیس اہلکار ڈیرک چاون کو مجرم قرار دے دیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 12 رکنی جیوری نے 45 سالہ سابق پولیس افسر کو تمام تینوں الزامات میں مجرم قرار دیا۔مجرم چاون کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ جارج فلائیڈ کے حامیوں نے عدالت کے باہر جشن منایا۔ جارج فلائیڈ کے خاندان کے وکیل نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصلے کو تاریخ میں ٹرننگ پوائنٹ قرار دے دیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق جیوری کے فیصلے کے بعد صدر بائیڈن نے جارج فلائیڈ کے اہلخانہ کو ٹیلی فون بھی کیا۔ فیصلے کے بعد جوبائیڈن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منظم نسل پرستی امریکی قوم کی روح پر ایک دھبہ ہے۔ یہی وقت ہے کہ تمام امریکی متحد ہو جائیں۔سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کے قتل کا واقعہ گزشتہ سال مئی میں پیش آیا تھا۔ پولیس اہلکار نے فلائیڈ کی گردن کو اپنے گھٹنے سے 9 منٹ تک دبائے رکھا۔ سانس بند ہونے سے سیاہ فام شہری ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعد امریکہ سمیت دنیا بھر میں پولیس کے تشدد کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔