ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Apr 16, 2021

وفاق سندھ سمیت پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ حصوں کے برابر لانے کیلئے کوشاں ہے، وزیراعظم

وفاقی حکومت کا سندھ کیلئے چارسوچھیالیس ارب روپے کے بڑے پیکج کا اعلان۔
سکھرمیں کامیاب جوان پروگرام کے حوالےسے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سندھ سمیت پاکستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ حصوں کے برابر لانے کےلئے وفاق اپنابھرپور کرداراداکررہاہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے لوگوں سے وعدہ ہے کہ ان کے حالات بہتر کریں گے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پوری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیے کر انہیں پاؤں پر کھڑا کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اندرون سندھ کے لوگ بنیادی ضروریات تک سے محروم ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ دنیا آگے جارہی ہے مگربدقسمتی سے سندھ کے گاؤں آگے جانے کی بجائے پیچھے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اندرون سندھ کیلئے ترقیاتی پیکج سے یہاں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ سکھر ۔حیدر آباد موٹروے کے قیام سے لوگوں کو بہت فائدہ ہو گا اور تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی ۔وزیراعظم نے کہاکہ کراچی کے قریب جزیرے پر نیا شہر بسانے کا منصوبہ بنایاگیاتھاجس کا سندھ اورپورے پاکستان کو فائدہ تھا ۔سندھ حکومت نے منصوبے سے متعلق این او سی جاری کرنے کے بعد اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا ۔انہیں چاہیے کہ ملکی مفاد میں فیصلے پرنظرثانی کریں ۔
تقریب سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہاکہ چند ماہ پہلے سندھ کے دارالحکومت کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکج دیا گیا تھا۔ اب حکومت کی طرف سے اندرون سندھ کےلئے 446ارب روپے کا پیکج دیاجارہاہے ۔انہوں نے بتایاکہ منصوبے کےتحت بجلی کی ترسیل کے نظام میں سرمایہ کاری کرنے سے لوڈ شیڈنگ میں کمی جبکہ نئی گاج ڈیم منصوبہ مکمل کر کے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی
تقریب سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی خطاب کیا اس موقع پر کامیاب جوان پروگرام کےتحت نوجوانوں میں چیکس تقسیم کئے گئے ۔
وزیراعظم عمران خان نے سندھ کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کادائرہ کاربڑھانے کا اعلان کیاہے ۔سکھرمیں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے حوالےسے معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹرثانیہ نشتر نے احساس ایمرجنسی پروگرام کے متعلق وزیراعظم کوبریفنگ دی ۔انہوں نے بتایاکہ احساس پروگرام کے تحت بلاتفریق طریقہ کارکے مطابق غریب طبقے کی مالی مددکی جارہی ہے۔