قومی

  • قومی
  • Apr 14, 2021

رمضان المبارک کے پیش نظر اجلاس

وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیاء ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ اسلام آباد میں رمضان المبارک کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دیا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں کورونا وباء سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر توانائی عمر ایوب خان نے بتایا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹورز نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے ، چینی 68روپے فی کلو اور گھی 170 روپے کلو ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں متعد دمقامات پر سستے بازار قائم کیے گئے ہیں جن میں اشیائےضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ چیف سیکریٹریز پنجاب اور خیبر پختونخوا نے آگاہ کیا کہ چینی اور آٹے کی وافر مقدار میں دستیابی اور مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔