قومی

  • قومی
  • Apr 08, 2021

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرزکانفرنس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کے لیے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے ملکی ، علاقائی اور عالمی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ عسکری قیادت نے پاک فوج کی مختلف فارمیشنز کی حالیہ مشقوں میں آپریشنل تیاریوں پر اطمینان اظہار کیا ۔ فورم نے مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جبکہ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی فائر بندی مفاہمت کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا ۔ عسکری قیادت نے خیبر پختون خوا کے ضم شدہ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا ۔ عسکری قیادت نے ان اضلاع میں سول انتظامیہ اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جلد تعیناتی سمیت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنےکے عزم کو بھی دہرایا ۔ عسکری قیادت نے کورونا کی تیسری لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا ۔ عسکری قیادت نے مسلح افواج کی جانب سے وباء پر کنٹرول کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کو دہرایا ۔ فورم نے افغان امن عمل کے حوالے سے مثبت اقدامات اور اس سمت میں اب تک ہونے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔