ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Apr 07, 2021

وزیراعظم عمران خان سے روسی وزیر خارجہ کی ملاقات

وزیراعظم عمران خا ن نے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت ،توانائی،سلامتی اوردفاع کے شعبوں میں بڑھتے تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔
اسلام آباد میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان روس کے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتاہے۔ بشکک میں ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر صدر ولادی میرپیوٹن سے ملاقات کاذکر کرتےہوئےانہوں نے کہا کہ دونوں ملک باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئےپرعزم ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے پرعزم ہے اور اس پر جلد کام شروع کرنا چاہتاہے۔
وزیراعظم اور وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اہم علاقائی اور عالمی امورپرتبادلہ خیال ہوا ۔ توانائی ،صنعتی جدت ،ریلویز اور ایوی ایشن کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پربات چیت ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیاگیاکہ ماسکومیں ہونے والے دوطرفہ حکومتی کمیشن کے اجلاس میں اس حوالےسے منصوبوں کو آگے بڑھایاجائےگا ۔ملاقات میں کورونا وبا کے تناظر میں صحت اور معیشت کو درپیش چیلنجز پربھی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے سپوٹنک ویکسین کی تیاری پر روس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اس کی خریداری میں دلچسپی رکھتاہے ۔علاقائی تناظرمیں وزیراعظم نے افغانستان کےمسئلے کے سیاسی حل کی ضرورت پر زورد یتے ہوئے امن کے لیے روس کی کوششوں کو سراہا ۔وزیراعظم نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال اور جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کے حوالےسے پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا اورکہاکہ مسئلہ کشمیرکاپرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ملاقات میں مغربی ایشیا ،خلیج ،مشرق وسطیٰ اورایشیا پیسفک کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیراعظم عمران خان نے روس کےصدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ۔