کرکٹ

  • سپورٹس ڈیسک
  • Mar 13, 2021

جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف کرکٹ سیریز کےلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

دورۂ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے قومی کرکٹ سکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔ٹی ٹونٹی اور ون ڈےسکواڈز 18، 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جبکہ ٹیسٹ سکواڈ میں 20 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔
محدود طرز کی کرکٹ میں شاداب خان اور محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے۔دونوں کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ شرجیل خان بھی چار سال بعد قومی ٹی ٹونٹی سکواڈمیں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث یاسر شاہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ارشد اقبال پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کئے گئے ،محمد وسیم جونیئر قومی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ بن گئے جبکہ شاہنواز دھانی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں۔پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں۔ دورۂ زمبابوے میں 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔قومی سکواڈ26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگا۔