ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Feb 28, 2021

تاریخ اور قومی ورثہ اجاگر کرنے کا وژن : وزیراعظم کا ضلع جہلم کے تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹیج ٹریل کا افتتاح

وزیر اعظم عمران خان آج نندنہ قلعہ، ضلع جہلم کے تاریخی البیرونی مقام پر HERITAGE TRAIL کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم کے سیاحت کے فروغ کے ویژن اور قومی ٹورزم اسٹریٹجی 2020-30 کے تحت ملک بھر میں تاریخی اور قومی ورثہ کے حوالے سے اہم مقامات کو سیاحت کے فروغ اور مقامی آبادی کی ترقی کے لیے اجاگر کیا جا رہا ہے۔
ان ہی مقامات میں سے ایک نندنہ قلعہ، ضلع جہلم ہے جس کو معروف مسلمان سائنسدان ابو ریحان البیرونی سے منسوب کیا جاتا ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں البیرونی نے قیام کیا تھا اور کرہ ارض کی پیمائش کے لیے تجربات کیے تھے۔
نندنہ قلعہ کے قرب میں چھ اور اہم تاریخی اور قومی ورثہ کے اعتبار سے اہم مقامات ہیں جن میں نندنہ مندر، کٹاس مندر، کھیوڑہ کی نمک کانیں، ملوٹ قلعہ، ملوٹ مندر اور تخت بابری شامل ہیں۔یہ مقامات HERITAGE TRAIL کا حصہ بن جائیں گے جن تمام کو سیاح ایک ساتھ دورہ کر سکیں گے۔
وزیر اعظم کے وژن کے تحت ملک بھر میں ایسے مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے جس سے ہماری تاریخ اور قومی ورثہ اجاگر کیا جا سکے۔ ان مقامات پر سیاحت کے فروغ سے مقامی آبادی کو معاشی فوائد بھی حاصل ہو سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک اور سالٹ رینج نیشنل پارک کا آغاز بھی کریں گے۔ یہ دو نئے نیشنل پارکس چھ پروٹیکٹڈ ایریاز میں شامل ہیں۔ چھ پروٹیکٹڈ ایریاز میں ان نیشنل پارکس کے علاوہ کھیری مورت نیشنل پارک، چھنجی نیشنل پارک، نمل ویٹ لینڈ اور چشمہ ویٹ لینڈ نیچر ریزروز شامل ہیں۔
وزیراعظم کو سالٹ رینج میں جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر اعظم دورے کے دوران زیتون کا پودا بھی لگائیں گے۔