قومی

  • قومی
  • Feb 23, 2021

نریندر مودی کےدورے پرمقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل

کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے فاشسٹ وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورے کے موقع پرمقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دورے کے خلاف بطور احتجاج پورےعلاقے میں سیاہ پرچم لہرائیں۔ ترجمان نے کشمیر کے بارے میں بھارتی پالیسی کو اسرائیلی پالیسی کی نقل قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو متاثر کرنے کی غرض سے خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پربھارت کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
سرینگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زوردیاگیا ہے کہ وہ سیاہ پرچم لہراکر نریندر مودی کے دورے کو مسترد کردیں کیونکہ وہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے۔ پوسٹر حریت کانفرنس، سٹوڈنٹس لیگ ، ینگ مینز لیگ ، حریت یوتھ فورم اور جسٹس یوتھ لیگ نے چسپاں کئے ہیں۔
سینئر حریت رہنماءغلام محمد خان سوپوری نے کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند آزادی کے متوالوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہا کیا ہے ۔
راجوری کے علاقے نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےحریت رہنماءایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے بھارت اور پاکستان پر زوردیاہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
جموں وکشمیر پیپلز لیگ کا وفد شوپیاں میں شہید نوجوانوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے ان کے گھروں پر گیا ۔
بھارتی فوج نے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاوؤن جاری رکھے ۔اس دوران پلوامہ کے علاقے نیہامہ سے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیاگیا۔شوپیاں کے علاقے چترگام کلاں کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے لوگوں کو دکانیں بند کرنے پر مجبور کیا۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ جموں وکشمیرمیں حلقہ بندیاں کشمیر کے مختلف علاقوں، مذاہب اور برادریوں کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کر کے آپس میں لڑانے کے بھارت کے بڑے منصوبے کا حصہ ہیں ۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایک ٹی وی انٹرویو میں بھارت سے کہاہے کہ وہ اپنے مستقبل کے تعین کیلئے جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کا احترام کرے ۔ایران نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کے علاوہ تعمیری کردار ادا کرنے کی بھی پیش کش کی ہے ۔