پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف2003کے بعد سیریز جیت لی : پنڈی ٹیسٹ میں قومی ٹیم نےپروٹیز کو95رنز سے شکست دی
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پنڈی ٹیسٹ میں 95رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-0سے اپنے نام کر لی۔شاہینز نے پروٹیز کے خلاف 2003کے بعد ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کی۔ سیریز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دکھائی گئی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز مہمان ٹیم پاکستان کے 370رنز کے ہدف کے تعاقب میں 274رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی۔ ایڈن مرکرم کی سنچری بھی مہمان ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ ایک موڑ پر پروٹیز کی فتح کے امکانات بھی نظر آنے لگے تاہم حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کی گرفت میچ پر کمزور کی۔حسن علی نےایکبار پھر تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ شکار کئے۔شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔
حسن علی نے پنڈی ٹیسٹ میں کیرئیر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ مجموعی طور پر دس وکٹیں حاصل کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ وہ پنڈی اسٹیڈیم میں دس کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے دوسرے بولر ہیں۔پنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مشکل حالات میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔ محمد رضوان نے پنڈی ٹیسٹ میں اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری بھی سکور کی۔
دونوں ٹیمیں اب تین ٹی 20میچزکی سیریز میں 11فروری سےلاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔