پاکستان۔جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز : قومی ٹیم نےپروٹیز کو7وکٹوں سے ہراکر سیریز میں0۔1کی برتری حاصل کی
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو کراچی ٹیسٹ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دکھائی جا رہی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روزجنوبی افریقہ نے 187رنز 4کھلاڑی آؤٹ پر بیٹنگ دوبارہ شروع کی تونعمان علی اور یاسر شاہ کی شاندار باؤلنگ نے مہمان ٹیم کی اننگز 245رنز تک محدود کر دی۔پروٹیز کے چھ بلے باز مزید 58رنز کااضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ایڈن مرکرم 74، وینڈر ڈوسن 64اور ٹیمبا باؤما 40رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی اوریاسر شاہ نے دونوں اننگز میں سات۔سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 88رنز کا مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے مہمان ٹیم کو سات سال بعد شکست دی۔بابر اعظم نے30اور اظہر علی نے 31رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔